چھٹی لینے کا طریقہ بدل گیا ! محکمہ صحت سندھ نے نیا نظام نافذ کردیا

چھٹی لینے کا طریقہ بدل گیا ! محکمہ صحت سندھ  نے نیا نظام نافذ کردیا

محکمہ صحت سندھ نے افسران اور ملازمین کے لیے چھٹیوں کے روایتی نظام کو ختم کرکے چھٹیوں کے نظام کو آن لائن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 31 اگست 2026 کے بعد بی پی ایس 16 سے بی پی ایس 20 تک کے تمام افسران اور ملازمین کیلئے ہر قسم کی چھٹی کی درخواست صرف ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پورٹل کے ذریعے جمع کرانا لازمی ہوگا۔

احکامات کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد کاغذ پر یا روایتی طریقے سے جمع کرائی جانے والی چھٹی کی درخواست کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی، چھٹی پر جانے سے قبل ایچ آرایم آئی ایس پورٹل پر درخواست جمع کرانے کے ساتھ متعلقہ مجاز افسر سے اس کی منظوری حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ ایچ آرایم آئی ایس پر چھٹی کی درخواست جمع کرائے اور اس کی باقاعدہ منظوری حاصل کیے بغیر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ملازم کی غیر حاضری غیر قانونی تصور کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :سرکاری ملازمت کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری، 149 آسامیوں کا اعلان

اس کے علاوہ HRMIS کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے چھٹی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے افسر یا ملازم کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے،  تمام سیکشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھٹیوں کی درخواستوں پر کارروائی صرف ایچ آرایم آئی ایس پورٹل کے ذریعے کریں اور نئے آن لائن نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایچ آرایم آئی ایس پورٹل پر چھٹی کی درخواست جمع کرانے یا آن لائن نظام کے استعمال میں کسی قسم کی دشواری پیش آنے کی صورت میں فوکل پرسن ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق، چیف ٹیکنیکل آفیسر (بی پی ایس 19) سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

محکمے نے تکنیکی معاونت کے لیے healthdeptsindh@gmail.com ای میل بھی جاری کی ہے۔

editor

Related Articles