محکمہ موسمیات نے آج سے ملک میں مون سون کے نئے اسپیل کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے، جس کے تحت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر تیز بارشیں متوقع ہیں، بارشوں کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
مون سون کے نئے اسپیل کے دوران بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں بھی ہو سکتی ہیں، جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد میں موسم گرم اور مرطوب
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
تاہم اسلام آباد میں آئندہ دنوں کے دوران بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بادلوں اور دھوپ کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بوندا باندی کا امکان ہے۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں بارشوں کا سلسلہ مختلف علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، اس لیے شہریوں کے لیے موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنا ضروری ہوگا۔