معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور اداکارہ یمنیٰ زیدی کا نیا میوزک ویڈیو ’ہُن عشق میں‘ ریلیز ہوتے ہی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
یمنیٰ زیدی پہلی بار عاطف اسلم کے کسی میوزک ویڈیو میں جلوہ گر ہوئی ہیں۔ دونوں فنکاروں کے مداح کافی عرصے سے اس گانے کی ریلیز کے منتظر تھے، جس کا انتظار اب ختم ہوگیا ہے۔
’ہُن عشق میں‘ کو باضابطہ طور پر عاطف اسلم کے آفیشل یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا ہے۔گانے کے بول معروف گلوکار اور نغمہ نگار راج رنجودھ نے لکھے ہیں، جبکہ اس کی موسیقی شیراز اُپل نے ترتیب دی ہے۔
ہدایت کار سیف حسن کی ہدایت کاری میں بننے والی میوزک ویڈیو میں محبت، رومان، دھوکہ اور جذباتی کشمکش کی کہانی پیش کی گئی ہے۔ ویڈیو کا اختتام بھی مداحوں کو تجسس میں مبتلا چھوڑ دیتا ہے۔ عاطف اسلم اور یمنیٰ زیدی کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پرانے عاطف اسلم واپس آگئے ہیں۔‘ جبکہ ایک اور مداح کا کہنا تھا کہ ایک بہترین گلوکار اور بہترین اداکارہ کو ایک ساتھ دیکھنا خوشگوار تجربہ ہے۔ مداحوں کی بڑی تعداد گانے اور میوزک ویڈیو میں عاطف اسلم اور یمنیٰ زیدی کی جوڑی کو سراہ رہی ہے۔