پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم اس بار وجہ ان کی گلوکاری نہیں بلکہ ان کا منفرد چشمہ بنا۔
سوشل میڈیا پر عاطف اسلم کی ایک تصویر پر ایک مداح نے بظاہر تعریف کرتے ہوئے ان کے چشمے کو’آنٹی والے چشمے‘ قرار دے دیا۔ مداح کا یہ تبصرہ بظاہر تعریف اور طنز کا ملا جلا انداز تھا، جسے سوشل میڈیا پر بیک ہینڈڈ کمپلیمنٹ کہا جاتا ہے۔
عاطف اسلم نے مداح کے تبصرے کو نظر انداز کرنے کے بجائے اپنے مخصوص حاضر جواب انداز میں جواب دے کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔گلوکار نے اپنے مختصرجواب میں کہا کہ ’ انہی کی چوری کرکے پہنی ہے‘اس دلچسپ جواب نے مداحوں کو محظوظ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ تبادلہ سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گیا۔
عاطف اسلم اکثر سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر، موسیقی اور ذاتی لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ ان کے مداح بھی ان کی پوسٹس پر دلچسپ تبصرے کرتے رہتے ہیں، تاہم اس بار ان کے چشمے پر ہونے والا تبصرہ اور گلوکار کا برجستہ جواب خاص طور پر نمایاں ہوگیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عاطف اسلم کے انداز اور ان کے حاضر جواب ردعمل کو پسند کیا جا رہا ہے، جبکہ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ گلوکار نے تنقید کو بھی مزاح میں بدلنے کا فن خوب جانتے ہیں۔