انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم میں ہنگامی تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 6 کھلاڑیوں کو پاکستان سے انگلینڈ طلب کر لیا گیا ہے جن میں صائم ایوب اور عرفات منہاس بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر کھلاڑیوں کو ویزے جاری ہونے کے بعد انگلینڈ روانہ کیا جائے گا۔ ٹیم میں متوقع تبدیلیاں انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی مسلسل ناکامی کے بعد کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب اوپنر امام الحق کی انجری بھی سوالات کی زد میں آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز توقع کی جا رہی تھی کہ امام الحق انجری کے باوجود درد کش انجیکشنز لگوا کر اہم صورتحال میں بیٹنگ کے لیے میدان میں اتریں گے تاہم وہ میچ میں حصہ نہیں لے سکے۔
ذرائع کے مطابق امام الحق کے ساتھ محمد رضوان کو بھی ناقص اور غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ پر وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مستقبل کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی حکام کی جانب سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ادھر وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد بھی ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد سیریز پہلے ہی گنوا چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں کا مقصد کمبی نیشن بہتر بنانا اور مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا ہے۔