پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کی ہوم ڈیلیوری کا نظام تبدیل

پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کی ہوم ڈیلیوری کا نظام تبدیل

پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی گھروں تک ترسیل میں تاخیر کے مسئلے کے حل کے لیے ڈیلیوری کے موجودہ نظام کو جدید بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت شہری اپنے لائسنس کارڈ کی ترسیل کی صورتحال، موجودہ مقام اور مختلف مراحل کو آن لائن ٹریک کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کے پوسٹل ڈیلیوری نظام کو ٹریفک پولیس کے لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی ایل آئی ایم ایس) کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد لائسنس کارڈز کی ترسیل کے عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا اور شہریوں کو اپنے کارڈ کی ڈیلیوری سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔

موجودہ نظام میں شہری DLIMS پورٹل کے ذریعے اپنی درخواست، لائسنس کی پروسیسنگ اور پرنٹنگ کی صورتحال دیکھ سکتے ہیں، تاہم کارڈ پرنٹ ہونے کے بعد پوسٹل ڈیلیوری کے مرحلے سے متعلق مکمل معلومات دستیاب نہیں ہوتیں۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو یہ معلوم کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں کہ ان کا لائسنس کارڈ پوسٹ آفس کے حوالے کیا گیا ہے یا نہیں، وہ اس وقت کہاں موجود ہے اور گھر تک پہنچنے میں مزید کتنا وقت لگ سکتا ہے۔

نئے نظام کے تحت DLIMS اور پوسٹل ڈیلیوری سسٹم کے درمیان ڈیٹا انٹیگریشن کی جائے گی۔ اس کے نتیجے میں لائسنس کارڈ کی تیاری سے لے کر پرنٹنگ، پوسٹ آفس کو حوالگی اور شہری کے پتے تک ترسیل کے مختلف مراحل کی معلومات آن لائن دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ نئے نظام کی اہم خصوصیت لائسنس کارڈ کی آن لائن لائیو ٹریکنگ ہوگی۔ شہری ڈیلیوری کے مرحلے میں داخل ہونے کے بعد اپنے کارڈ کی موجودہ صورتحال اور دستیاب ہونے کی صورت میں اس کی کرنٹ لوکیشن بھی دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ڈرفٹنگ اور ون ویلنگ پر مقدمات درج

حکام کے مطابق اس نظام سے شہریوں کو بار بار متعلقہ دفاتر سے رابطہ کرنے اور کارڈ کی صورتحال معلوم کرنے کے لیے انتظار کرنے کی ضرورت کم ہوگی، جبکہ ڈیلیوری میں غیر معمولی تاخیر کی نشاندہی بھی آسان ہوجائے گی۔ ڈیٹا انٹیگریشن سے ٹریفک پولیس کے لیے بھی لائسنس کارڈز کی ترسیل کا ریکارڈ برقرار رکھنے اور نگرانی کرنے میں سہولت ہوگی۔ کسی شہری کو مقررہ وقت پر کارڈ موصول نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام ڈیلیوری کی تفصیلات آن لائن دیکھ کر شکایت کی جانچ پڑتال کرسکیں گے۔

حکام کے مطابق نظام کو عملی شکل دینے کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی ٹی آئی بی) سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور تکنیکی انٹیگریشن کے ذریعے پوسٹل ڈیلیوری اور (ڈی ایل آئی ایم ایس) کو مربوط کیا جائے گا۔ نظام کی تکمیل کے بعد شہری گھر بیٹھے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کی ڈیلیوری کی صورتحال، موجودہ مرحلے اور دستیاب معلومات کے مطابق اس کے مقام سے آگاہ ہوسکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ترسیل میں شفافیت بڑھے گی، شکایات کے ازالے کا عمل بہتر ہوگا اور کسی بھی مرحلے پر ہونے والی غیر معمولی تاخیر کی نشاندہی بروقت ممکن ہوسکے گی۔ پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈرائیونگ لائسنس کے پورے عمل کو مزید ڈیجیٹل، شفاف اور شہری دوست بنانا ہے۔

Related Articles