خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ڈرفٹنگ اور ون ویلنگ پر مقدمات درج

خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ڈرفٹنگ اور ون ویلنگ پر مقدمات درج

موٹر سائیکل اورگاڑی چلانے والوں کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے ،لاہور میں سڑکوں پر خطرناک ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ، ون ویلنگ اور روڈ بلاکنگ کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے خطرناک کرتب دکھانے اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے ڈرائیورز کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

فوری ایکشن

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایسی ویڈیوز کو بھی کارروائی کے لیے استعمال کیا جائے گا جن میں ڈرائیورز خطرناک انداز میں گاڑیاں چلاتے یا سڑکوں پر ریسنگ اور ڈرفٹنگ کرتے دکھائی دیں،پولیس ویڈیوز کی مدد سے گاڑیوں اور ڈرائیورز کی شناخت کرے گی، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی اور گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

 یہ بھی پڑھیں :موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان خبردار، آج سے بڑا کریک ڈاؤن شروع

تین واقعات میں مقدمات درج

لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے خطرناک ڈرائیونگ کے مختلف واقعات پر کارروائی کرتے ہوئے تین مقدمات درج کرائے جاچکے ہیں، مقدمات تھانہ فیکٹری ایریا، تھانہ نارتھ کینٹ اور تھانہ سبزہ زار میں درج کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر قانون کی خلاف ورزی کرکے اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی صرف جرمانے یا چالان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ سنگین خلاف ورزیوں پر مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

چالان نہیں، مقدمات ہوں گے

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، ان کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ، ڈرفٹنگ، روڈ ریج، روڈ بلاکنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا،انہوں نے کہا کہ سڑکوں کو ریسنگ ٹریک میں تبدیل کرنے یا عوام کے لیے خطرہ بننے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

والدین سے خصوصی اپیل

سی ٹی او لاہور نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں اور ڈرائیونگ کے انداز پر نظر رکھیں اور ان کی صلاحیتوں کو خطرناک سرگرمیوں کے بجائے تعمیری کاموں میں استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی صلاحیتیں مثبت سرگرمیوں میں استعمال ہوں تو وہ معاشرے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں، تاہم سڑکوں پر خطرناک کرتب نہ صرف خود نوجوانوں بلکہ دیگر شہریوں کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں۔

شہری ویڈیوز بھیج سکیں گے

لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ روڈ ریج، روڈ بلاکنگ، ہلڑبازی، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کی ویڈیوز پولیس کو بھیجی جائیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

شہری ایسی ویڈیوز واٹس ایپ نمبر 03225638888 پر بھیج سکتے ہیں، ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی جانب سے فراہم کردہ ویڈیوز کی بنیاد پر بھی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کی شناخت کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

editor

Related Articles