مودی نے پہلے جنگ کے میدان میں اب بین الاقوامی عدالت میں بھارت کو ذلیل کرا دیا، خواجہ آصف

مودی نے  پہلے جنگ کے میدان میں اب بین الاقوامی عدالت میں بھارت کو ذلیل کرا دیا، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پہلے جنگ کے میدان میں اور اب بین الاقوامی عدالت میں بھارت کو ذلت سے دوچار کرایا ہے۔

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں ثالثی عدالت کے 31 اگست 2026 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے متفقہ طور پر قرار دیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا دعویٰ معاہدے یا بین الاقوامی قانون کے تحت قابلِ قبول نہیں تھا۔

ان کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ سندھ طاس معاہدہ نہ ختم ہوا ہے اور نہ ہی معطل ہوا ہے بلکہ بدستور مکمل طور پر نافذ العمل ہے، جبکہ بھارت معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ثالثی عدالت کا بھارت کو ہائیڈرو پراجیکٹس پر کام روکنے،سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا حکم

خواجہ آصف نے بتایا کہ عدالت نے معاہدے کی معطلی یا خاتمے کے ممکنہ جواز کا بھی جائزہ لیا، جن میں خودمختاری، مبینہ معاہدہ شکنی، دہشت گردی کے الزامات، حالات میں بنیادی تبدیلی، مسلح تنازع اور جوابی اقدامات شامل تھے۔ ان کے مطابق عدالت نے ان میں سے کسی بھی بنیاد کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے فیصلے کا جواز تسلیم نہیں کیا۔

وفاقی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے متعلق بھارتی الزامات پر بھی عدالت نے قرار دیا کہ اگر تجزیے کی غرض سے بھارت کے الزامات کو درست مان بھی لیا جائے تو وہ سندھ طاس معاہدے کی ایسی سنگین خلاف ورزی ثابت نہیں کرتے جس کی بنیاد پر معاہدہ معطل کیا جاسکے۔ عدالتی فیصلے کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ اپنی شرائط کے تحت اس وقت تک نافذ العمل رہے گا جب تک پاکستان اور بھارت باہمی طور پر کسی نئے معاہدے کے ذریعے اسے تبدیل یا ختم نہ کریں۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان میں گزشتہ برس جنگ کے محاذ پر بھارت کی ’جامع شکست‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اب مستقل ثالثی عدالت میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وفاقی وزیر دفاع کے مطابق سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان کا اختتام ’’الحمدللہ‘‘ کے الفاظ کے ساتھ کیا۔

Related Articles