پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لارڈز ٹیسٹ کے اختتام کے بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا، جبکہ ان کی جگہ مزید 7 کھلاڑیوں کو شامل کرلیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق اسکواڈ سے ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
ان کی جگہ شامل کیے جانے والے 7 کھلاڑیوں میں پانچ ایسے ہیں جنہوں نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی، جبکہ دو کھلاڑی پہلے ہی ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔
نئے شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں بیٹرز صائم ایوب اور عبداللہ فضل شامل ہیں، جو بالترتیب 8 اور 2 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اسپن باؤلنگ آل راؤنڈر عرفات منہاس بھی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
دیگر نئے کھلاڑیوں میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر محمد عمران جونیئر، وکٹ کیپر بیٹر اور قائداعظم ٹرافی 2025-26 کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سعد بیگ، دائیں ہاتھ کے پیس باؤلنگ آل راؤنڈرز محمد عمران، جو عمران رندھاوا کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، اور رضا اللہ شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق تمام نئے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
بیک روم اسٹاف میں بھی تبدیلی
قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ساتھ بیک روم اسٹاف میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سرفراز احمد اور عمر گل کو بھی ٹیم سے ریلیز کردیا گیا ہے، جبکہ بیک روم اسٹاف میں ان کی جگہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
برمنگھم ٹیسٹ کے لیے نیا اسکواڈ
انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے تازہ ترین ٹیسٹ اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، محمد عمران جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔