تیسرے ٹیسٹ سے پہلے بڑی تبدیلیاں، شاہد آفریدی نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

تیسرے ٹیسٹ سے پہلے بڑی تبدیلیاں، شاہد آفریدی نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں کی جانے والی بڑی تبدیلیوں پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بورڈ کے حالیہ فیصلوں کے پیچھے موجود منطق اور حکمت عملی ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

سابق کپتان نے خاص طور پر متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کے لیے ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں زیادہ نمایاں رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر اس انتخاب کے پیچھے کیا سوچ اور حکمت عملی کارفرما ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :قومی کرکٹ ٹیم کی پے در پے شکست، اصل سرجری کہاں ہونی چاہیے؟ شاہد آفریدی بول پڑے

شاہد آفریدی نے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف پانچ ٹیسٹ میچز کے بعد کوچ کو ہٹانے کا فیصلہ حیران کن ہے۔ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تبدیلیاں ضرور کی جانی چاہئیں لیکن ان فیصلوں کے پیچھے ایک واضح منصوبہ اور مستقبل کی حکمت عملی بھی نظر آنی چاہیے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اچانک اور مسلسل تبدیلیوں سے ٹیم کے مجموعی ماحول اور کارکردگی پر اثر پڑ سکتا ہے۔ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مناسب وقت دیے بغیر نتائج کی توقع کرنا درست حکمت عملی نہیں۔

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان۔ امام الحق۔ سلمان علی آغا۔ علی عثمان۔ عامر جمال۔ محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا ہے۔

ان کھلاڑیوں کی جگہ سات نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نئے اسکواڈ میں صائم ایوب۔ عبداللہ فضل۔ عرفات منہاس۔ محمد عمران جونیئر۔ سعد بیگ۔ محمد عمران عرف عمران رندھاوا اور رضا اللہ شامل ہیں۔

ان نئے کھلاڑیوں میں پانچ ایسے ہیں جنہیں پہلی مرتبہ پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کے بعد ٹیم کے امتزاج اور تیسرے ٹیسٹ میں ممکنہ پلیئنگ الیون کے حوالے سے بھی شائقین کی نظریں سلیکشن پر مرکوز ہوگئی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :شان مسعود کو پی سی بی میں عہدہ ملنے پر شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آ گیا

پی سی بی نے صرف کھلاڑیوں تک محدود رہنے کے بجائے کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ سرفراز احمد اور عمر گل کو ذمہ داریوں سے ریلیز کردیا گیا ہے جبکہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن شکست کا سامنا ہے۔ سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں ناکامی کے بعد تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان پر اپنی ساکھ بحال کرنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

editor

Related Articles