پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین اگر دوبارہ شادی کرنا چاہیں تو معاشرے کو انہیں منفی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔
حمزہ علی عباسی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایک مخصوص طبقہ بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین، خاص طور پر بچوں کی ماؤں کی دوسری شادی کو معیوب سمجھتا ہے اور انہیں تنقید کا نشانہ بناتا ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو دوسری شادی کرنی ہے یا نہیں، یہ مکمل طور پر اس کا ذاتی فیصلہ ہونا چاہیے اور کسی کو اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو خواتین دوبارہ شادی کرنا چاہتی ہیں، انہیں منفی نگاہ سے دیکھنے کے بجائے ان کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ دوبارہ شادی کرنا ان کا حق ہے اور اسلام بھی انہیں یہ حق دیتا ہے۔ حمزہ علی عباسی نے مزید کہا کہ کسی شخص کے ذاتی زندگی کے فیصلوں میں بلاوجہ دخل اندازی کرنا اخلاقی طور پر درست نہیں، ہر فرد کو اپنی زندگی سے متعلق فیصلے کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔