جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے جل تھل کردیا۔ شدید بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور ممکنہ خطرے والے علاقوں سے انخلا کی ہدایت کی گئی ہے۔
راولپنڈی میں مسلسل بارش کے باعث آریہ محلہ اور ڈھوک کھبہ سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ بارش کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند
راولپنڈی کے علاقے کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند،20 فٹ سے تجاوز کرگئی ۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو نالہ لئی کے اطراف میں تعینات کردیا گیا ہے جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مون سون کے آخری سپیل کا آج سے آغاز، بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟
انتظامیہ نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے تاکہ پانی کی سطح میں مزید اضافے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جاسکیں۔
آریہ محلہ اور ڈھوک کھبہ میں بھی صورتحال متاثر
شدید بارش کے باعث آریہ محلہ اور ڈھوک کھبہ سمیت دیگر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ بعض مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ اور امدادی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
راولپنڈی میں مری روڈ۔ صادق آباد۔ شکریال اور شمس آباد سمیت مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش کے باعث متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی رفتار کم ہوگئی جبکہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھ گیا۔
اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش
اسلام آباد کے جی سیون فور۔ بلیو ایریا۔ آئی ٹین اور آئی نائن سمیت مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی آئی تاہم کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔
شدید بارش کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والی سڑکوں پر جانے سے احتیاط کریں۔
مزید بارش کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ آئندہ گھنٹوں کے دوران بھی بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے اور ممکنہ خطرات والے علاقوں میں نگرانی مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی، اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ، الرٹ جاری
راجہ بازر بھی ڈوب گیا ، پانی دکانوں میں داخل
راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث ماڈل راجہ بازار بھی پانی میں ڈوب گیا ، جامعہ مسجد روڈ پر چار فٹ تک پانی جمع ، راجہ بازار میں پانی دکانوں میں داخل ہو گیا ۔


