پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کی اپنے مداحوں کے ساتھ چلتی گاڑی میں گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاطف اسلم اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک گاڑی میں سفر کررہے ہیں، اسی دوران مداحوں کی ایک گاڑی ان کی گاڑی کے قریب آتی ہے۔ مداح عاطف اسلم کو دیکھ کر ان کا مشہور گانا ’دوری‘ گانا شروع کردیتے ہیں اور اس دوران ویڈیو بھی بناتے رہتے ہیں۔
اپنے مداحوں کو گانا گاتے دیکھ کر عاطف اسلم بھی خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور گاڑی کی سن روف سے باہر آکر ان کے ساتھ گانا شروع کردیتے ہیں۔ گلوکار کا مداحوں کے ساتھ اس طرح گھل مل جانا وہاں موجود افراد کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گیا، جس کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین عاطف اسلم کے دوستانہ اور خوش اخلاق رویے کو سراہ رہے ہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ مقبولیت کے باوجود گلوکار کا اپنے چاہنے والوں کے ساتھ اس انداز میں پیش آنا ان کی سادگی اور محبت کو ظاہر کرتا ہے۔ ویڈیو کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑی تعداد میں شیئر کیا جارہا ہے جبکہ عاطف اسلم کے مداح اس خوبصورت لمحے کو خوب پسند کررہے ہیں۔