مصباح الحق کرکٹ سلیکشن کمیٹی سے مستعفی،تحفظات سامنے آ گئے

مصباح الحق کرکٹ سلیکشن کمیٹی سے مستعفی،تحفظات سامنے آ گئے

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلوں پر سلیکشن کمیٹی کے اندر بھی اختلافات سامنے آنے لگے ہیں، جبکہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان مصباح الحق نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے سلیکشن کمیٹی سے علیحدگی کا فیصلہ حالیہ فیصلوں اور ٹیم کے معاملات میں سلیکشن کمیٹی سے مشاورت نہ کیے جانے پر کیا۔

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے ایک اور رکن اسد شفیق بھی کمیٹی سے مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے بھی حتمی فیصلہ سامنے آنا باقی ہے۔

کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے کے معاملے پر اختلاف

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حالیہ فیصلوں میں سلیکشن کمیٹی کو اعتماد میں نہیں لیا اور بعض کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے سمیت اہم فیصلے مشاورت کے بغیر کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق چھ کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے کے معاملے پر بھی سلیکشن کمیٹی کے بعض ارکان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جس پر کمیٹی کے اندر تحفظات پیدا ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، بنک کی نئی آفر آ گئی

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی سی بی نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ بورڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد سات کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے کا اعلان کیا جن میں محمد رضوان، سلمان علی آغا، امام الحق، علی عثمان، عامر جمال، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ میں بھی بڑی تبدیلی

پی سی بی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کو بھی تبدیل کردیا اور ان کی جگہ وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ باؤلنگ کوچ عمر گل کی جگہ ایشلے نوفکے کو ذمہ داری دی گئی ہے۔

پاکستان انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دونوں میچ ہار چکا ہے جس کے بعد پی سی بی نے ٹیم اور کوچنگ اسٹاف میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ تیسرے ٹیسٹ کے لیے نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور میچ 9 ستمبر سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

استعفے کی پی سی بی سے باضابطہ تصدیق باقی

مصباح الحق کے استعفے اور اسد شفیق کے استعفیٰ پر غور کرنے سے متعلق اطلاعات فی الحال ذرائع سے سامنے آئی ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے مصباح الحق کے استعفے یا اسد شفیق کے ممکنہ استعفے کی باضابطہ تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔

اگر استعفے کی باضابطہ تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ حالیہ دنوں میں پاکستان کرکٹ کے انتظامی بحران کے تناظر میں ایک اور اہم پیش رفت ہوگی، کیونکہ قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پی سی بی پہلے ہی کوچنگ اسٹاف اور اسکواڈ میں غیر معمولی تبدیلیاں کرچکا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles