بلغاریہ کے شمالی علاقے میں زمین کے اندر ایک ایسی پراسرار غار موجود ہے جو اپنی منفرد ساخت کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ پروہودنا غار میں چٹانوں کے اندر بنے دو بڑے اور تقریباً ایک جیسے سوراخ دور سے انسانی آنکھوں کی مانند دکھائی دیتے ہیں، اسی وجہ سے انہیں مقامی طور پر ’خدا کی آنکھیں‘ کہا جاتا ہے۔
یہ غار تقریباً 262 میٹر طویل زیر زمین راستے پر مشتمل ہے۔ ہزاروں سال تک پانی کے مسلسل کٹاؤ کے نتیجے میں چونے کے پتھر میں قدرتی طور پر یہ بڑے سوراخ وجود میں آئے، جو غار کی چھت کو یوں کاٹتے ہیں جیسے کسی دیوہیکل چہرے کی دو آنکھیں ہوں۔
غار کے اندر کھڑے ہوکر اوپر دیکھا جائے تو یہ منظر مزید حیران کن محسوس ہوتا ہے۔ دونوں سوراخ ایک دوسرے کے ساتھ اس قدر متناسب ہیں کہ ایسا لگتا ہے جیسے کوئی بہت بڑا چہرہ خاموشی سے غار کے اندر موجود افراد کو دیکھ رہا ہو۔
بارش کے دوران یہ منظر مزید پراسرار ہوجاتا ہے۔ جب پانی اوپر موجود چٹانوں سے گزر کر ان سوراخوں کے راستے غار میں داخل ہوتا ہے تو چٹانوں پر بہتا پانی یوں دکھائی دیتا ہے جیسے آنکھیں آنسو بہا رہی ہوں۔
اس غار سے قدیم انسانی سرگرمیوں کے آثار بھی منسلک کیے جاتے ہیں۔ تاریخی روایات کے مطابق قدیم تھریشیائی قبائل اس غار کو مذہبی اور روحانی رسومات کیلئے استعمال کرتے تھے اور اسے ایک مقدس مقام تصور کیا جاتا تھا۔
رات کے وقت بھی غار کا منظر اپنی الگ ہی کیفیت رکھتا ہے۔ چاندنی جب ان دونوں قدرتی سوراخوں سے گزر کر غار کے اندر پہنچتی ہے تو فرش پر روشنی کی دو شعاعیں بنتی ہیں، جس سے پوری جگہ ایک پراسرار اور غیر حقیقی منظر پیش کرتی ہے۔
قدرتی طور پر وجود میں آنے والی یہ منفرد ساخت اس بات کی ایک حیران کن مثال ہے کہ ہزاروں سال تک جاری رہنے والا پانی کا معمولی سا کٹاؤ بھی چٹانوں کو ایسی شکل دے سکتا ہے جو دیکھنے والوں کو انسانی چہرے کا گمان دے۔