کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ترین فیصلہ، فیلڈ میں نہیں بلکہ ایک ’خراب پرنٹر‘نے میزبان ٹیم کو میچ ہروا دیا

کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ترین فیصلہ، فیلڈ میں نہیں بلکہ ایک ’خراب پرنٹر‘نے میزبان ٹیم کو میچ ہروا دیا

آئرلینڈ میں کھیلے گئے ایک مقامی کرکٹ میچ میں ہار جیت کا فیصلہ بلے اور گیند کے بجائے ’خراب پرنٹر‘ پر ہوا ہے۔

بارش کے بعد ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) شیٹ پرنٹ نہ ہونے کی وجہ سے میزبان ٹیم بیلی اسپیلن کو قوانین کے تحت شکست دے کر حریف ٹیم ایلنگٹن کو فاتح قرار دے دیا گیا۔

کرکٹ میں عموماً فتح اور شکست کا فیصلہ میدان میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر ہوتا ہے، تاہم آئرلینڈ کی نارتھ ویسٹ کرکٹ یونین پریمیئر لیگ میں ایک انتہائی غیر معمولی واقعہ پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹ میچ فکسنگ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بڑی کارروائی، 1 کھلاڑی اور 2 آفیشلز معطل

بیلی اسپیلن اور ایلنگٹن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم بیلی اسپیلن تھی۔ ایلنگٹن کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.1 اوورز میں 159 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

جواب میں 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیلی اسپیلن نے محض 2 اوورز کھیل کر 19 رنز بنائے تھے کہ تیز بارش کے باعث کھیل کو فوری طور پر روکنا پڑا۔

خراب پرنٹر اور میچ کا انوکھا اختتام

بارش کے باعث میچ میں کافی تاخیر ہوئی، جس کے بعد امپائرز نے اوورز کم ہونے کے امکان کے پیش نظر ‘ڈک ورتھ لوئس اسٹرن’ (ڈی ایل ایس) قانون لاگو کرنے کا فیصلہ کیا۔

لیکن اس موقع پر ایک حیران کن اور عجیب مسئلہ پیدا ہو گیا۔ معلوم ہوا کہ میزبان ٹیم کا پرنٹر خراب ہے، جس کی وجہ سے ڈی ایل ایس شیٹ پرنٹ نہیں کی جا سکتی تھی۔

ڈی ایل ایس شیٹ کے بغیر بارش کے بعد میچ کا دوبارہ شروع ہونا ممکن نہیں تھا۔ صورتحال اس وقت انتہائی دلچسپ ہو گئی جب بارش رکنے کے باوجود امپائرز نے ایک بھی گیند کرانے کی اجازت نہیں دی اور پرنٹر خراب ہونے کی وجہ سے ایلنگٹن کو تکنیکی بنیادوں پر فاتح قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ نارتھ ویسٹ کرکٹ یونین کے واضح قوانین موجود ہیں جن میں ایسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا مکمل طریقہ کار درج ہے۔

ان قوانین کے تحت یہ میزبان کلب کی بنیادی اور لازمی ذمہ داری ہے کہ وہ میچ کے دوران ضروری سافٹ ویئر سے لیس کمپیوٹر، مناسب مقدار میں کاغذ، سیاہی اور ایک فعال پرنٹر کے ساتھ ساتھ اسے چلانے والے آپریٹر کا بندوبست کرے۔

مزید پڑھیں:بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانا نوجوان کی جان لے گیا

ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) کرکٹ میں بارش سے متاثرہ میچوں کے اہداف کو ازسرنو ترتیب دینے کا ایک پیچیدہ ریاضیاتی نظام ہے، جس کے لیے باقاعدہ پرنٹ شدہ شیٹ امپائرز اور دونوں کپتانوں کے حوالے کرنا لازمی ہوتا ہے۔

اگر میزبان کلب یہ ضروری انتظامات مکمل رکھنے میں ناکام رہتا ہے تو قانون کے مطابق اسے فوری طور پر شکست تسلیم کرنی پڑتی ہے۔

Related Articles