نیپال میں گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی سیکڑوں افراد جان سے گئے جبکہ ہزاروں افراد کے تاحال لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیلابی پانی اور ملبے کے باعث عمارتیں گاڑیاں اور مختلف اہم تنصیبات کئی فٹ تک زمین میں دب گئیں تاہم اسی تباہی کے دوران پولیس نے ملبے تلے دب جانے والے ایک بینک سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا بھاری نقد رقم اور اہم دستاویزات برآمد کرلی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال پولیس نے کئی گھنٹوں کی تلاش اور امدادی کارروائی کے بعد تریشولی کے علاقے میں واقع کرشی وکاس بینک کی ڈھونگے شاخ کے ملبے سے بینک کے لاکرز تلاش کیے۔
پولیس کے مطابق ملبے سے برآمد ہونے والی قیمتی اشیا میں تقریباً 50 کروڑ نیپالی روپے مالیت کا سونا، ڈیڑھ کروڑ نیپالی روپے نقد اور اہم دستاویزات شامل ہیں۔
شدید سیلاب کے باعث بینک کی عمارت بھی بری طرح متاثر ہوئی تھی اور اس کا بیسمنٹ ملبے تلے دب گیا تھا۔ پولیس اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد بینک کے لاکرز کا سراغ لگایا اور انہیں نکالنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی۔
نیپال پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اہلکاروں کو بینک کے بیسمنٹ میں داخل ہونے کے لیے ملبہ ہٹاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ بعد میں برآمد کیے گئے لاکرز اور دیگر سامان کو جے سی بی مشینوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
करिब ८ घण्टाको निरन्तर प्रयास पछि कृषि विकास बैंक, त्रिशूली ढुंगे शाखाबाट करिब रु. १.५ करोड नगद, अनुमानित रु. ५० करोडको सुन तथा महत्वपूर्ण कागजात सुरक्षित स्थानमा सार्दै नेपाल प्रहरी । pic.twitter.com/vAOoOP2VT8
— Nepal Police (@NepalPoliceHQ) August 30, 2026
پولیس کے مطابق لاکرز ملنے کے بعد انہیں کھول کر اندر موجود سونا، نقد رقم اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیے گئے تاکہ انہیں مزید نقصان یا چوری سے محفوظ رکھا جاسکے۔
نیپال میں سیلاب کے بعد بینکوں سے متعلق ایک اور حیران کن واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ گزشتہ روز ایک بینک کی تجوری سیلابی ریلے میں بہہ کر تریشولی ندی کے راستے دھاڈنگ تک پہنچ گئی تھی۔
تجوری کو دیکھ کر مقامی افراد نے اسے توڑ دیا اور مبینہ طور پر اس میں موجود نقد رقم نکال لی۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع ویڈیو سامنے آنے کے بعد ہوئی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 29 افراد کو گرفتار کیا، جن پر تجوری توڑ کر اس میں موجود رقم نکالنے کا الزام ہے۔ گرفتار افراد کے قبضے سے پولیس نے 92 لاکھ 68 ہزار 505 نیپالی روپے نقد رقم بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
نیپال میں حالیہ شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ متعدد عمارتیں، گاڑیاں اور دیگر املاک سیلابی پانی اور مٹی کے تودوں کی زد میں آکر ملبے تلے دب گئی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں بعض بینک بھی اس تباہی سے محفوظ نہیں رہ سکے۔ امدادی ادارے اور سیکیورٹی اہلکار ملبے تلے دب جانے والی اہم عمارتوں اور املاک کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے بینک کے ملبے سے سونا اور نقد رقم برآمد کرنے کی کارروائی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ تباہی کے بعد قیمتی اثاثوں کو محفوظ بنانا امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
حکام کی کوشش ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے دبے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے ریکارڈ، نقدی، سونے اور اہم دستاویزات کو تلاش کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ انہیں مزید نقصان یا غیر قانونی قبضے سے بچایا جاسکے