محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد میں 2 ستمبر کو تعلیمی اداروں کی چھٹی کے حوالے سے طلباء اور والدین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارشوں کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
شدید بارش اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے طلباء کی حفاظت کے لیے یکم ستمبر 2026 کو ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں ایک روز کی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد والدین اور طلباء یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ آیا 2 ستمبر کو بھی اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہیں گے یا نہیں۔
اب تک راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 2 ستمبر کے لیے تعلیمی اداروں میں مزید چھٹی کا کوئی نیا اعلان یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ اس لیے تازہ اعلان سامنے آنے تک تعلیمی اداروں کے معمول کے مطابق کھلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نیو کٹاریاں میں 186 ملی میٹر، گولڑہ میں 157 ملی میٹر، ایچ ایٹ میں 155 ملی میٹر اور سید پور میں 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارشوں کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 29 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 23.5 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کو الرٹ کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات شروع کردیے۔
واضح رہے کہ 2 ستمبر پنجاب بھر کے طلباء کے لیے اہم دن ہے کیونکہ صوبے کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کے تحت نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان متوقع ہے۔
طلباء اور والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ 2 ستمبر کی چھٹی یا تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق کسی بھی حتمی فیصلے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ تعلیمی اداروں کے تازہ نوٹیفکیشن پر نظر رکھیں۔