پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کا 2 نئی پنشن اسکیمیں متعارف کرانے کا فیصلہ

پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کا 2 نئی پنشن اسکیمیں متعارف کرانے کا فیصلہ

پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن نے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے جامع پنشن اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے 2 نئی پنشن اسکیمیں متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

کارپوریشن کے اہم اجلاس میں پنشن اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا اور ان پر عملدرآمد کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی کا طریقہ کار بھی طے کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنشن اصلاحات کے لیے پنجاب حکومت سے ڈھائی ارب روپے کا قرض لیا جائے گا، جس کے ذریعے نئی پنشن اسکیموں کو عملی شکل دی جائے گی۔

اجلاس میں پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کی غیر فعال اور بیکار پراپرٹی کی نیلامی کے شیڈول کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ صنعت کاروں اور کارپوریشن کے ملازمین سے متعلق متعدد اہم امور پر فیصلے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں :ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے بڑی سہولت، ای پنشن پورٹل متعارف

دوسری جانب اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ سندر ٹو کے منسوخ شدہ پلاٹوں کے الاٹیز کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کی بھی منظوری دی گئی،منظور کردہ پیکیج کے تحت الاٹیز کو کل بقایا جات کی یکمشت ادائیگی کی صورت میں 20 فیصد خصوصی رعایت دی جائے گی۔

ریلیف پیکیج سے فائدہ اٹھانے والے الاٹیز کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ انہیں 6 ماہ کے اندر اپنے پلاٹ پر فیکٹری کی تعمیر مکمل کرنا ہوگی، جبکہ 2 سال کے اندر صنعتی پیداوار کا باقاعدہ آغاز بھی لازم ہوگا۔

اجلاس کے اختتام پر بورڈ نے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق کردی، جبکہ تمام زیرِ التوا انتظامی امور کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی،کارپوریشن کے ان فیصلوں کو ملازمین کے پنشن معاملات میں اصلاحات اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles