ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے بڑی سہولت، ای پنشن پورٹل متعارف

ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے بڑی سہولت، ای پنشن پورٹل متعارف

ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پنشن کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کم کرنے کے لیے ای پنشن پورٹل متعارف کرا دیا گیا ہےنئے ڈیجیٹل نظام کا مقصد پنشن کے معاملات کو تیز، شفاف اور آسان بنانا اور بزرگ پنشنرز کو غیر ضروری طور پر سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا ہے۔

ای پنشن پورٹل کے ذریعے ملازمین گھر بیٹھے اپنے پنشن کیس کی موجودہ صورتحال معلوم کرسکیں گے،پنشنر یہ بھی دیکھ سکے گا کہ اس کی درخواست کس مرحلے میں ہے اور متعلقہ دفتر کے کس ڈیسک پر زیرِ کارروائی ہے۔

رقم براہ راست بینک اکاؤنٹ میں

نئے نظام کے تحت پنشن کی رقم کسی مخصوص نیشنل بینک برانچ تک محدود رکھنے کے بجائے پنشنر کے کمرشل بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے بزرگ شہریوں کے لیے پنشن وصول کرنا مزید آسان ہوگا۔

بائیو میٹرک تصدیق

پنشنرز کے لیے لائف سرٹیفکیٹ کے روایتی طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کا نظام متعارف کرایا گیا ہےاس کے تحت پنشنرز کو اپنی شناخت اور حیات کی تصدیق کے لیے بائیو میٹرک سہولت استعمال کرنا ہوگی۔

بینک یا اے ٹی ایم سے تصدیق

پنشنر ہر چھ ماہ بعد قریبی بینک برانچ یا بائیو میٹرک سہولت رکھنے والے اے ٹی ایم کے ذریعے اپنے انگوٹھے کی تصدیق کراسکے گا، جس سے لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔

گھر بیٹھے تصدیق کی تیاری

حکومت کی جانب سے مستقبل میں موبائل ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک یا چہرے کی شناخت کی سہولت فراہم کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ اس سہولت کے فعال ہونے کے بعد پنشنرز کو تصدیق کے لیے بینک جانے کی ضرورت مزید کم ہوسکتی ہے۔

تصدیق نہ کرانے پر کیا ہوگا؟

اگر پنشنر مقررہ مدت کے اندر بائیو میٹرک تصدیق مکمل نہ کرے تو پنشن کی ادائیگی عارضی طور پر روکی جاسکتی ہے، تصدیق مکمل ہونے کے بعد اکاؤنٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا طریقہ کار متعلقہ ادارے کے قواعد کے مطابق ہوگا۔

رجسٹریشن کیسے ہوگی؟

ای پنشن نظام کا حصہ بننے کے لیے ریٹائرمنٹ سے قبل متعلقہ سرکاری محکمہ ملازم کا ضروری ڈیٹا ڈیجیٹل پورٹل پر درج کرے گا، اس عمل کے لیے ملازم کی شناختی معلومات، شناختی کارڈ اور فعال موبائل نمبر سمیت ضروری کوائف درکار ہوں گے۔

پنشن آئی ڈی جاری ہوگی

ڈیٹا انٹری اور ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملازم کو ایک منفرد پنشن آئی ڈی جاری کی جائے گی، جس کے ذریعے مستقبل میں اس کے پنشن کیس کی شناخت اور آن لائن ٹریکنگ میں آسانی ہوگی۔

بزرگ پنشنرز کے لیے آسانی

ڈیجیٹل پنشن نظام کا بنیادی مقصد ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو طویل دفتری کارروائی، قطاروں اور بار بار دفاتر کے چکروں سے نجات دلانا ہے۔ اگر نظام مؤثر انداز میں نافذ اور برقرار رکھا گیا تو پنشن کیسز کی کارروائی میں وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں کے لیے یہ ایک اہم سہولت ثابت ہوسکتی ہے۔

editor

Related Articles