ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں پہلے خصوصی ایتھوپیئن کافی کیفے’حبشہ‘ کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب کا آغاز روایتی ایتھوپیئن کافی کی تقریب سے ہوا، جس میں ایتھوپیئن کمیونٹی کے افراد، سفارت خانے کے عملے اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں اس منفرد کیفے کا افتتاح پاکستان میں ایتھوپیئن کافی کے باقاعدہ تعارف کی جانب اہم قدم ہے۔ سفیر کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا کو انسانی تہذیب اور عربیکا کافی کے آغاز کی سرزمین کہا جاتا ہے، اسی لیے اسے ’’لینڈ آف اوریجنز‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیفے ایک ایتھوپیئن اور پاکستانی جوڑے کی ملکیت ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی دوستی اور ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ حبشہ کیفے کے مالک نعیم ہاشمی نے کہا کہ اس کیفے کا مقصد پاکستان اور ایتھوپیا کے عوام کو ثقافتی تبادلے کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جگہ دونوں ممالک کے لوگوں کو فن، ثقافت، موسیقی اور سیاحت سے متعلق معلومات اور تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کرے گی۔ نیا کیفے جڑواں شہروں کے شہریوں کو روایتی ایتھوپیئن کافی سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرے گا۔