متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے جاری کردہ نئے فلکیاتی حسابات کے مطابق سال 2027 کے رمضان المبارک کا پہلا روزہ 8 فروری کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 6 فروری کی صبح ہوگی، جس کے بعد چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے ہجری سال 1448 کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 6 فروری 2027 بروز ہفتہ کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:رمضان المبارک میں عبادت کے ساتھ صحت اور فٹنس کو کیسےبرقرار رکھا جائے؟ جانیئے ماہر ٹرینر کی تجاویز
عالمی وقت کے مطابق یہ پیدائش صبح 3 بج کر 56 منٹ پر متوقع ہے۔ اسی سائنسی اور فلکیاتی بنیاد پر ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ امارات میں پہلا روزہ 8 فروری بروز پیر کو رکھا جائے گا۔
رویتِ ہلال کا جائزہ اور سرکاری کیلنڈر کی مطابقت
فلکیاتی ماہرین کے مطابق 6 اور 7 فروری کو چاند کی رویت کے امکانات کا تفصیلی اور سائنسی جائزہ لیا جائے گا۔ اگر متحدہ عرب امارات کا سرکاری اور مذہبی کیلنڈر ان فلکیاتی حسابات کے عین مطابق رہا، تو اماراتی شہری اور وہاں مقیم لاکھوں غیر ملکی مسلمان 8 فروری سے باقاعدہ روزے رکھنا شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں پہلے سے مرتب کردہ ہجری کیلنڈر بھی اسی تاریخ کی نشاندہی کر رہا ہے۔
رمضان المبارک اسلامی ہجری کیلنڈر کا نواں اور انتہائی بابرکت مہینہ ہے، جس میں دنیا بھر کے مسلمان طلوعِ فجر سے غروبِ آفتاب تک روزے رکھتے ہیں۔
چونکہ اسلامی مہینوں کا مکمل انحصار چاند کے نظر آنے پر ہوتا ہے، اس لیے جغرافیائی محلِ وقوع اور رویتِ ہلال کے مختلف معیارات کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک میں رمضان کا آغاز ایک دن آگے یا پیچھے ہو سکتا ہے۔ مسلم دنیا میں چاند دیکھنے کی روایتی طرز اور جدید سائنسی پیشگوئیوں کا ملاپ ہمیشہ سے اہمیت کا حامل رہا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور فلکیاتی علوم کی بدولت اب اسلامی مہینوں کے آغاز کی پیشگوئی طویل عرصہ قبل کرنا ممکن ہو گیا ہے، جو کہ ریاستی انتظامات اور عوام کی سہولت کے لیے ایک بہترین اور خوش آئند قدم ہے۔
مزید پڑھیں:رمضان المبارک میں عمرہ ویزا کیسے حاصل کریں ، اجرا سے روانگی تک تفصیل جانیے


