پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کی جانب سے حالیہ انٹرویو میں کیے گئے الزامات کے بعد کرکٹر کی بہن اور نئی اہلیہ نائلہ راجہ بھی میدان میں آگئیں اور سوشل میڈیا پر اپنا مؤقف پیش کردیا۔
ثانیہ اشفاق گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی اور عماد وسیم کے خاندان سے متعلق مختلف دعوے کرتی رہی ہیں۔ اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے سسرال میں مبینہ طور پر نامناسب رویے کا سامنا کرنے کے علاوہ اپنی ایک حمل کے خاتمے سے متعلق بھی سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ثانیہ اشفاق کے بیانات کے بعد عماد وسیم کی بہن نے سوشل میڈیا پر تفصیلی ردعمل دیتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کردیا۔
انہوں نے ثانیہ اشفاق سے کہا کہ وہ ان کے خاندان کے بارے میں مزید بات کرنے سے گریز کریں اور خبردار کیا کہ اگر خاندان سے متعلق بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو قانونی کارروائی کا راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب عماد وسیم کی نئی اہلیہ نائلہ راجہ نے بھی اس معاملے پر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کیا۔
ثانیہ اشفاق کے الزامات اور عماد وسیم کے اہل خانہ کے ردعمل کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں صارفین کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔