پنجاب میں خواتین کاروباری افراد اور ہنرمندوں کیلئے 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی اسکیم کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت خواتین کو کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کیلئے 5 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ نے خواتین کاروباری افراد اور ہنرمندوں کیلئے 50 کروڑ روپے کی بلاسود قرض اسکیم کی منظوری دی ہے،یہ منظوری بورڈ کے 137ویں اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی۔
ایک کروڑ روپے تک قرض
منظور شدہ اسکیم کے تحت خواتین ہنرمندوں اور کاروباری افراد کو 5 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے،اس اقدام کا مقصد خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں آگے لانا اور انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو وسعت دینے میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
نئے کاروبار کیلئے بڑا قرض
اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے 50 کروڑ روپے کے ریوالونگ فنڈ کی بھی منظوری دی گئی،نئے کاروبار شروع کرنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک جبکہ پہلے سے موجود کاروبار کو توسیع دینے کیلئے 50 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس
بورڈ اجلاس میں حافظ آباد، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خانیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف علاقوں میں نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،حکام نے اجلاس کو بتایا کہ مجوزہ صنعتی اسٹیٹس کیلئے زمین کی نشاندہی بھی کی جاچکی ہے۔
گوجرانوالہ میں صنعتی پارک منظور
بورڈ نے گوجرانوالہ میں صنعتی پارک کے قیام کی بھی منظوری دے دی، جبکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی غیر ضروری جائیدادوں کی نیلامی کے شیڈول کی بھی منظوری دی گئی،اجلاس میں مری میں ہینڈی کرافٹس ڈویلپمنٹ سینٹر کی نیلامی اور جدید ہینڈی کرافٹس شاپ کیلئے متبادل جگہ خریدنے کی بھی منظوری دی گئی۔
روزگار کے نئے مواقع
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں صنعتکاروں اور چیمبرز آف کامرس کی ضروریات کے مطابق نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کیے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کے عمل کو تیز کرکے روزگار کے نئے مواقع پیدا کررہی ہے۔
خواتین کی معاونت کیلئے اقدامات
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ خواتین اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی معاونت کیلئے بلاسود قرض اسکیمیں متعارف کرائی جارہی ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے آسان کاروبار فنانس اسکیم سے بھی صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد مل رہی ہے، جبکہ نئی قرض اسکیموں کے ذریعے خواتین اور کاروباری افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔