غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے شہر چانگزو میں آسمان کا رنگ اچانک گلابی ہوگیا، یہ غیر معمولی منظر تقریباً 7 سے 8 منٹ تک جاری رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منظر بارش شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے دیکھا گیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ ماہرین کے مطابق آسمان کے گلابی ہونے کی وجہ فضا میں موجود باریک ذرات اور روشنی کا مخصوص انداز میں بکھرنا تھا۔
سورج کے افق کے قریب ہونے کی صورت میں اس کی روشنی کو فضا کی نسبتاً موٹی تہہ سے گزرنا پڑتا ہے، جس کے باعث روشنی کے مختلف رنگ نمایاں ہونے لگتے ہیں اور آسمان سرخ، نارنجی یا گلابی دکھائی دے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سیلاب کی تباہی کے بیچ امید کی کرن، 6 سالہ بچی زندہ بچ گئی
اس سے قبل وینزویلا میں بھی زلزلے کے بعد آسمان کے اچانک سرخ ہونے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد بعض افراد نے اسے کسی نئی قدرتی آفت سے جوڑ دیا تھا۔ تاہم ماہرین نے ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ یہ ایک قدرتی فضائی مظہر تھا، جس کا زلزلے سے براہ راست کوئی سائنسی تعلق ثابت نہیں ہوا۔
ماہرین کے مطابق غروب آفتاب کے وقت سورج کی روشنی فضا میں موجود گرد اور دیگر باریک ذرات سے گزرتی ہے، جس کے باعث سرخ اور نارنجی شعاعیں زیادہ نمایاں ہوجاتی ہیں۔ اسی عمل کو سائنسی اصطلاح میں رے لی اسکیٹرنگ کہا جاتا ہے۔ چین میں گلابی آسمان کا حالیہ منظر بھی قدرت کی ایسی ہی دلکش اور غیر معمولی جھلک بن گیا، جس نے چند ہی منٹوں میں دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔


