پشین کے علاقے کچ مور میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی پارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی کے اسکواڈ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں اب تک 8 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ جوابی کارروائی میں 11 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 ستمبر کو دوپہر تقریباً 12 بج کر 10 منٹ پر 134 ونگ کی ایک پارٹی میجر صلاح الدین کی قیادت میں ایف سی ہیڈکوارٹر سے کچ مور کے مقام پر نئی پوسٹ قائم کرنے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
ایف سی پارٹی جب زیارت کراس پشین سے تقریباً 3 سے 4 کلومیٹر آگے کچ مور کے علاقے میں پہنچی تو دہشتگردوں نے ناکہ لگا کر گھات لگائی اور ایف سی پارٹی سمیت اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی کے اسکواڈ کو نشانہ بنایا۔
سکیورٹی فورسز نے حملے کے فوری بعد بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا،ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں 8 جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوا ہے تاہم جوابی کارروائی میں 11 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیاگیا ہے۔
علاقے میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جبکہ کمک کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھی موقع پر پہنچ گیا ہے، صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔