محکمہ ایکسائز پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے اشتراک سے ای آکشن ویب پورٹل پر ماہِ ستمبر کے دوران گاڑیوں کے پرکشش رجسٹریشن نمبروں کی نیلامی کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق خواہشمند افراد 30 ستمبر تک اپنی پسند کے رجسٹریشن نمبر کے حصول کے لیے آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ ای آکشن ایپ کے ذریعے موٹر سائیکل، موٹر کار اور کمرشل گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبروں کی نیلامی میں شرکت کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی کے مطابق ای آکشن سسٹم شہریوں کو شفاف انداز میں اپنی پسند کے رجسٹریشن نمبروں کی نیلامی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔ بولی جیتنے والے افراد کی تفصیلات بھی ای آکشن ایپ پر دیکھی جا سکیں گی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک پولیس نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلانے اور گاڑی ڈرائیو کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کردیا ہے جبکہ کار اور موٹر سائیکل کے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق قانون کے تحت موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے کے لیے درست ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
پنجاب حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل آسان بنایا ہے۔ لائسنس حاصل کرنے کے لیے پہلے لرنر پرمٹ بنوانا ضروری ہے، جس کے بعد مقررہ مدت مکمل ہونے پر متعلقہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر میں تھیوری اور عملی امتحان دینا ہوتا ہے۔
امتحان میں کامیابی کے بعد مقررہ فیس کی ادائیگی پر مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
ستمبر 2026 کے لیے ایک سالہ کار ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی مجموعی فیس 1,980 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میں ٹیسٹ فیس 150 روپے، ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد فیس 1,350 روپے جبکہ کوریئر چارجز 480 روپے شامل ہیں۔ موٹر سائیکل کے ایک سالہ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ فیس 50 روپے، ٹیسٹ کے بعد فیس 450 روپے جبکہ کوریئر چارجز 480 روپے ہیں۔ اس طرح موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کی مجموعی فیس 980 روپے بنتی ہے۔