پاکستان کے بڑے سیاسی خاندانوں میں شمار ہونے والے بھٹو زرداری خاندان کے وارث بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق ایک بار پھر نئی افواہیں اور دعوے سامنے آگئے ہیں، جبکہ تجزیہ کار سلمان درانی نے ان کی نجی زندگی سے متعلق مختلف انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو کا نام ایک یورپی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔
سلمان درانی کے مطابق حالیہ دنوں میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ایک خاتون کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کی شادی سے متعلق قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اس سے قبل اپنے ساتھ منسوب کی جانے والی خاتون کوپرنسس گلوریاقرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس نام کی کسی شخصیت کو نہیں جانتے۔
تاہم سلمان درانی کے مطابق بلاول بھٹو کا یہ مؤقف درست ہوسکتا ہے کیونکہ جس خاتون کا نام ان کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، وہ پرنسس گلوریا نہیں بلکہ اسی یورپی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک دوسری خاتون ہیں۔
ہیبسبرگ خاندان سے تعلق
سلمان درانی کے مطابق اس کہانی کا آغاز چند سال قبل امریکہ میں ایک عالمی ادارے کی تقریب سے ہوا، جہاں بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ایک یورپی خاتون سے ہوئی،مذکورہ خاتون کا تعلق یورپ کے مشہور ہیبسبرگ شاہی خاندان سے ہے اور وہ سماجی سرگرمیوں سے بھی وابستہ ہیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حالیہ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کو ایک پرانی تصویر سے جوڑا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ بلاول ہاؤس میں فریال تالپور کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں بطور خصوصی مہمان شریک ہوئی تھیں۔
دبئی میں مبینہ منگنی
سلمان درانی نے 2024 کے عام انتخابات کے دوران سامنے آنے والے سیاسی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت آصف علی زرداری کے ایک بیان کے بعد بلاول بھٹو کے دبئی جانے کو مختلف انداز میں دیکھا گیا۔
ان کے مطابق یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ بلاول بھٹو کا دبئی جانا صرف سیاسی اختلافات یا ناراضی کا نتیجہ تھا یا اسی دوران ان کی نجی زندگی میں کوئی اہم پیش رفت ہوئی،سلمان درانی نے دعویٰ کیا کہ انہی دنوں دبئی میں بلاول بھٹو زرداری کی مبینہ طور پر منگنی کی ایک انتہائی نجی تقریب منعقد ہوئی تھی۔
ویانا میں تقریب اور رشتہ طے
سلمان درانی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بعد ازاں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے آسٹریا کے دورے کے دوران بھی مبینہ طور پر دونوں خاندانوں کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں،ویانا کے ہوٹل امپیریل میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں مبینہ طور پر ہیبسبرگ خاندان اور زرداری خاندان کے قریبی افراد شریک ہوئے۔
کیا بلاول کی شادی نومبر یا دسمبر میں ہوگی؟
سلمان درانی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق ماضی میں یہ تاثر بھی دیا جاتا رہا ہے کہ وہ اس فیصلے کا اعلان مناسب وقت پر اپنے خاندان کے ذریعے کریں گے۔
زیر گردش اطلاعات میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی رواں سال نومبر یا دسمبر میں ہوسکتی ہے، تاہم اس حوالے سے بھٹو زرداری خاندان یا پیپلز پارٹی کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق سلمان درانی کے یہ انکشافات اور دعوے فی الحال آزاد ذرائع سے تصدیق کے منتظر ہیں، تاہم حالیہ ویڈیو اور مختلف تقریبات سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کے بعد ان کی نجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے۔