لانگ مارچ جن کی ذمہ داری ہے وہ لیڈ کریں گے،میں سازشیوں کے ساتھ کھڑا ہوکر اپنے خلاف ایک اور سازش کروائوں؟علی امین گنڈا پور

لانگ مارچ جن کی ذمہ داری ہے وہ لیڈ کریں گے،میں سازشیوں کے ساتھ کھڑا ہوکر اپنے خلاف ایک اور سازش کروائوں؟علی امین گنڈا پور

خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں تقریباً تین ماہ قبل ہی معلوم ہوگیا تھا کہ سہیل آفریدی کا نام خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے لیے فائنل ہوچکا ہے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہیں بالواسطہ طور پر اطلاعات مل رہی تھیں کہ وزیر اعلیٰ کے لیے لوگوں سے نام مانگے جارہے ہیں، جبکہ بطور وزیر اعلیٰ انہیں پارٹی رہنماؤں کی ہونے والی ملاقاتوں کا بھی علم تھا۔

سہیل آفریدی کا نام پہلے ہی فائنل تھا

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان کے دوستوں نے انہیں بتایا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے لیے کچھ ہورہا ہے اور انہیں تین ماہ پہلے ہی معلوم ہوگیا تھا کہ سہیل آفریدی کا نام فائنل ہوچکا ہے،انہوں نے کہا کہ انہیں باقی ناموں کا بھی علم ہے اور یہ بھی معلوم ہے کہ نام کس نے فائنل کیا، تاہم عمران خان نے حتمی طور پر نام فائنل کیا۔

عمران خان سے ملاقات کیلئے دباؤ ڈالا

سابق وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جب انہیں پیغام آیا کہ دھاوا بولیں  تو انہوں نے کہا کہ پہلے عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود عمران خان سے ملنا چاہتے تھے اور ملاقات کیلئے بہت دباؤ ڈالا، تاہم فوری طور پر ملاقات نہیں ہوسکی،علی امین گنڈاپور کے مطابق پارٹی کے ایک وی لاگر نے یہ بیانیہ بنادیا کہ وہ عمران خان سے ملنے نہیں جاتے، جس کے بعد ان کی ملاقات کرادی گئی۔

پارٹی میں گروپ بندی پر تحفظات

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے عمران خان کو تفصیلی طور پر پارٹی کے اندرونی معاملات سے آگاہ کیا،علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو بتایا کہ اس وقت پارٹی کے اندر گروپس بنے ہوئے ہیں اور لوگ اپنے اپنے چکروں میں عجیب بیانیے بنا لیتے ہیں۔ ان کے بقول بیانیہ بنا کر لوگوں کو غدار قرار دیا گیا۔

تحریک آگے نہیں بڑھ رہی 

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے مطابق وہ نہیں سمجھتے کہ تحریک کو آگے لے جایا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ جب انہیں پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا تھا تو واضح طور پر کہا گیا تھا کہ جنید اکبر اور دیگر رہنما تحریک چلائیں گے۔

سہیل آفریدی کو ٹکٹ بھی دلوایا

سہیل آفریدی کے حوالے سے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہیں ٹکٹ نہیں مل رہا تھا، تاہم انہوں نے لڑ کر سہیل آفریدی کو ٹکٹ دلوایا اور بعد میں کابینہ کا رکن بھی بنوایا۔انہوں نے کہا کہ میرا مہینوں سے سہیل آفریدی سے کوئی رابطہ نہیں میں نے بلاک کردیا تھا اب سہیل آفریدی کو میری ضرورت نہیں تو مجھے بھی اس کی ضرورت نہیں ہے ۔

لانگ مارچ کی ذمہ داری والے ہی قیادت کریں

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لانگ مارچ کی جن لوگوں کو ذمہ داری دی گئی ہے، وہی اسے لیڈ کریں گے،انہوں نے کہا کہ میں سازشیوں کے ساتھ کھڑا ہوکر اپنے خلاف ایک اور سازش کرواؤں؟پی ٹی آئی رہنما نے پارٹی کی موجودہ صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اندرونی اختلافات اور گروپ بندی کے باعث تحریک کو آگے بڑھانے میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ عمران خان نے انہیں ہدایت کی تھی کہ  دھاوا بولنا ہے اور قاضی فائز عیسیٰ کا راستہ روکنا ہے ان کے مطابق یہ ہدایات  احتجاج کے تناظر میں دی گئی تھیں۔

editor

Related Articles