مظفرگڑھ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کو تعلیمی ذمہ داریوں کے ساتھ اب سبزیوں کی کاشت اور دیکھ بھال بھی یقینی بنانا ہوگی۔
محکمہ تعلیم مظفرگڑھ نے سرکاری اسکولوں کے سربراہان کے لیے سخت ہدایات پر مشتمل مراسلہ جاری کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام ہیڈ ماسٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں کے خالی پلاٹس میں موسمی سبزیوں کی کاشت یقینی بنائی جائے اور ان جگہوں کو صاف ستھرا رکھا جائے۔
مراسلے کے مطابق سبزیوں کی کاشت، پانی دینے اور نگہداشت کے لیے ہر اسکول میں ایک ذمہ دار شخص بھی مقرر کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ جن اسکولوں میں سبزیوں کی پیداوار تسلی بخش نہ ہو وہاں دوبارہ کاشت کی جائے۔ اس کے علاوہ سبزیوں کو بروقت پانی دینے اور کیاریوں کی صفائی اور خوبصورتی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سبزیوں کی کاشت اور ان کی دیکھ بھال سے متعلق روزانہ کی رپورٹ تصاویر کے ساتھ متعلقہ واٹس ایپ گروپ میں شیئر کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مراسلے میں اسکول سربراہان کو واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات کو حرف آخر سمجھتے ہوئے ان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ’سانجھی سبزی‘منصوبے کے تحت مختلف سرکاری اداروں کے خالی پلاٹس پر سبزیاں اگائی جا رہی ہیں۔ منصوبے کے تحت حاصل ہونے والی سبزیاں مقامی افراد میں مفت تقسیم کیے جانے کا منصوبہ ہے۔