اسلام آباد میں بنگال ٹائیگر کی موجودگی سے خوف و ہراس،سکیورٹی ٹیمیں الرٹ کے علاقے گلبرگ گرینز میں بنگال ٹائیگر اور اس کے 2 بچے دیکھے جانے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سکیورٹی ٹیموں نے جانوروں کی تلاش کے لیے نگرانی بڑھا دی۔
جمعرات کی شام گلبرگ گرینز کے بی بلاک، اسٹریٹ 15 میں ٹائیگر اور اس کے بچوں کی موجودگی کی اطلاع سامنے آئی، جس کی تصدیق سوسائٹی کی سکیورٹی انتظامیہ اور بعض رہائشیوں نے بھی کی۔ اطلاعات کے بعد سکیورٹی حکام نے شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خاص طور پر بچوں کو باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا۔
ٹائیگر اور اس کے بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی رہائشیوں کے مختلف کمیونٹی گروپس میں گردش کرتی رہیں، جبکہ سکیورٹی اہلکار علاقے میں جانوروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے رہے۔
رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر انہیں ٹائیگر یا اس کے بچوں کی موجودگی نظر آئے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں، جانوروں کے قریب جانے یا انہیں دیکھنے کے لیے ہجوم جمع کرنے سے گریز کریں۔ واقعے کے بعد شہریوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایک خطرناک جنگلی جانور آبادی والے علاقے تک کیسے پہنچا۔
ایک رہائشی نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقوں میں خطرناک اور غیر ملکی جانور رکھنے سے متعلق قوانین اور حفاظتی انتظامات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کے مطابق بچوں کی موجودگی کی وجہ سے مادہ ٹائیگر زیادہ جارحانہ رویہ اختیار کرسکتی ہے، خاص طور پر اگر اسے اپنے بچوں کو خطرہ محسوس ہو۔
گلبرگ گرینز انتظامیہ نے وائلڈ لائف ٹیم سے رابطہ کرلیا ہے، جو ٹائیگر اور اس کے بچوں کو تلاش کرکے انہیں محفوظ طریقے سے پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔