وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو شفاف بنانے اور مارکیٹ کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے اہم سفارشات پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کا ممکنہ ہدف مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔ کمیٹی کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد قیمتوں کو بتدریج مارکیٹ اور آزاد مسابقتی نظام پر منتقل کرنا اور صارفین کو اچانک اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ حتمی رپورٹ جلد منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں ہنگامی حالات کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو روکنے کے لیے حکومتی مداخلت کے واضح رہنما اصول بھی طے کر لیے گئے۔ اس کے علاوہ انلینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن کے تعین کے لیے نظرثانی شدہ طریقہ کار پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔
اوگرا کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی کارکردگی سے متعلق تحریری سفارشات تیار کرنے اور ڈی ریگولیشن کے پیش نظر مناسب ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اوگرا حکام نے یقین دہانی کرائی کہ مالی سال 2026 کا آڈٹ اسی سال کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔