وزارت مذہبی امور نے رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم سے متعلق اہم تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے تحت مختلف حج پیکیجز کی قیمتیں 14 لاکھ روپے سے ساڑھے 37 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہیں، جبکہ عازمین کے لیے پیکیجز کے انتخاب اور بکنگ کا عمل جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج منظم کمپنیوں نے اپنے مختلف حج پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کردیئے ہیں۔ عازمین پاک حج ایپ اور پورٹل کے ذریعے اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق پیکیج کا انتخاب کرکے بکنگ کراسکتے ہیں۔
رواں برس پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 16 بنیادی حج پیکیجز فائنل کیے گئے ہیں۔ ان میں مختصر دورانیے کے حج کے ساتھ فائیو اسٹار سہولیات پر مشتمل پیکیجز بھی شامل ہیں، جس سے عازمین کو اپنی مالی استطاعت کے مطابق پیکیج منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیکیج کے انتخاب کے ساتھ رقم کی ادائیگی بھی صرف سرکاری پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے کریں۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ کسی فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم ادا کرنے کی صورت میں ہونے والے کسی بھی مالی نقصان کی ذمہ داری وزارت مذہبی امور پر عائد نہیں ہوگی۔ عازمین کو بکنگ کے دوران خصوصی احتیاط برتنے اور ادائیگی کے لیے محفوظ طریقہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق مقررہ تاریخ تک مختص کوٹہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو اس کوٹے کو دوبارہ مختص کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔