پرائیویٹ سکیم کے تحت 2027 کے لیے حج واجبات کی وصولی کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ بکنگ اور ادائیگی کا عمل صرف پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے مکمل کریں، پرائیویٹ حج سکیم کے تمام مالی معاملات حج پورٹل کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔
اس ایپ کے ذریعے عازمین حج مجاز حج منظم کمپنی کا انتخاب کرنے کے ساتھ اپنی پسند کے حج پیکیج کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق عازمین حج گھر بیٹھے حج پورٹل کے ذریعے واجبات کی ادائیگی کرسکتے ہیں، وزارت کی جانب سے کسی بھی حج منظم کمپنی کو براہ راست رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وزارت مذہبی امور نے خبردار کیا ہے کہ غیر مجاز ایجنٹوں یا افراد کو رقم ادا کرنے والے عازمین اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے، عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مجاز یا غیر مجاز کمپنی کو چیک یا نقد رقم دینے سے گریز کریں۔
وزارت کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے واجبات کی وصولی کا عمل شفاف انداز میں اور وزارت کی نگرانی میں مکمل ہوگا، عازمین حج کو جعلسازی اور فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے صرف وزارت مذہبی امور کے مجاز ڈیجیٹل نظام سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پرائیویٹ حج سکیم میں پہلے سے رجسٹرڈ عازمین بھی حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنی اور حج پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں، جبکہ نئی رجسٹریشن کا عمل بھی حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پرائیویٹ حج سکیم کے لیے 71 ہزار 696 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج 2027 کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوچکی ہے اور منتخب حج پیکیج کی 50 فیصد رقم پہلی قسط میں جمع کرانا لازمی ہوگی۔
حج پالیسی 2027 تا 2030 کے تحت سرکاری اور نجی حج اسکیموں کا موجودہ تناسب برقرار رکھا گیا ہے، پالیسی کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد جبکہ نجی شعبے کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص ہوگا۔
نئی حج پالیسی سے عازمین کو کیا فائدہ ہوگا؟
حکومت کے مطابق حج پالیسی 2027 تا 2030 کو سعودی وژن 2030 اور عالمی معیار کے طریقہ کار سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل نظام، طویل مدتی منصوبہ بندی اور شفاف طریقہ کار سے حج انتظامات میں بہتری آنے کی توقع ہے تاہم عازمین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ رجسٹریشن، ادائیگی اور دیگر مراحل کے دوران صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔