محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں آئندہ 12 سے 36 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار سے بہت موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی شہری سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مری، گلیات، پوٹھوہار اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کی موجودہ صورتحال کی بڑی وجہ بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونے والی مغربی ہواؤں کی لہر اور بحیرہ عرب و خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں ہیں۔
راولپنڈی انتظامیہ نے ممکنہ شہری سیلاب کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ واسا، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کو فیلڈ میں موجود رہنے اور نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد، باجوڑ، بنوں، بونیر، چارسدہ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات، دیر، مانسہرہ، ملاکنڈ، کوہاٹ، کرم، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خوشاب، لاہور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، نارووال، راولپنڈی، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے موسل، شیرانی اور ژوب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔