بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس 2 روز کیلئے معطل، جعفر ایکسپریس بھی منسوخ

بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس 2 روز کیلئے معطل، جعفر ایکسپریس بھی منسوخ

 بلوچستان سے اندرون ملک کے لیے ٹرین سروس 2 روز کے لیے معطل کردی گئی، جس کے باعث کوئٹہ اور دیگر شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی ریلوے ٹریک کی مرمت کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔ جعفر ایکسپریس 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی۔

 یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان مجوزہ ٹرین سروس کے لیے روٹ سامنے آ گیا

حکام کے مطابق ریلوے ٹریک پر ضروری مرمتی کام جاری ہے، جس کے باعث ٹرین آپریشن کو عارضی طور پر محدود کیا گیا ہے۔ ٹریک کی مرمت کا مقصد ریلوے لائن کو محفوظ بنانا اور ٹرینوں کی آمدورفت کو بہتر انداز میں بحال کرنا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی آج مکمل روٹ پر چلانے کے بجائے جیکب آباد تک محدود کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے باعث جیکب آباد سے آگے کوئٹہ جانے والے مسافروں کو متبادل سفری ذرائع اختیار کرنا پڑیں گے۔

ٹرین سروس کی معطلی کے باعث کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایسے مسافر جنہوں نے پہلے سے سفر کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، انہیں اپنے سفری شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑ رہی ہے۔

بلوچستان کے لیے ریلوے سفری سہولیات پہلے ہی محدود ہیں اور مختلف روٹس پر ٹرین سروس کی بندش کے باعث مسافروں کو طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب کی پہلی 5 اسٹار لگژری ٹرین تیار، کرایہ کتنا ہوگا؟

واضح رہے کہ بلوچستان سے کراچی کے لیے بولان میل اور چمن کے لیے چمن پسینجر ٹرین سروس بھی گزشتہ 6، 6 ماہ سے بند ہے۔ ان ٹرینوں کی بندش کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں سے کراچی اور چمن جانے والے مسافروں کو بھی متبادل ذرائع آمدورفت پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔

مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام جلد مکمل کرکے ٹرین سروس کو معمول کے مطابق بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ، سستی اور براہ راست سفری سہولت میسر آسکے

editor

Related Articles