لاہور میں مرغا اور مرغی کی انوکھی شادی نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی، جہاں دونوں پرندوں کی شادی کی باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا گیا اور ان کی تیاری سے لے کر شادی کی رسومات تک لاکھوں روپے خرچ کیے گئے۔
جرمن نسل کے مرغا اور مرغی کو شادی کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا۔ دونوں کو پارلر لے جایا گیا، جہاں ان کا منفرد انداز میں میک اپ اور سجاوٹ کی گئی، جس کے بعد انہیں سجی ہوئی گاڑی میں شادی ہال پہنچایا گیا۔ شادی ہال میں دونوں کا باراتیوں نے ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا، جبکہ تقریب کے دوران شادی کی مختلف رسومات بھی ادا کی گئیں۔
تقریب کی سب سے دلچسپ رسم منہ دکھائی تھی، جس میں مرغی کو 10 تولہ سونا اور سونے کی چین تحفے میں دی گئی۔ مرغی کو دلہن کا روپ دینے کے لیے سرخ دوپٹہ بھی پہنایا گیا۔ مالکان کے مطابق دونوں پرندے ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور ان کی شادی محبت کی شادی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف مرغا اور مرغی کی شادی کے لیے تیاری پر ہی تقریباً ایک لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
مرغا اور مرغی کی اس انوکھی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی حیران رہ گئے اور تقریب کے دلچسپ مناظر پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔