ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جبکہ عام آئی فون 18 ممکنہ طور پر اگلے سال پیش کیا جائے گا۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق نئے آئی فونز کی رونمائی کے دو روز بعد پری آرڈرز کا آغاز بھی کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو عارضی طور پر آئی فون الٹرا کا نام دیا جارہا ہے، جس کی ممکنہ قیمت نے ٹیکنالوجی صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آئی فون الٹرا کی قیمت مختصر وقت کے لیے ووڈافون مصر کی ویب سائٹ پر ظاہر ہوئی تھی، تاہم بعد میں اس صفحے کو ہٹا دیا گیا۔ لیک ہونے والی قیمت کا موجودہ آئی فون 17 پرو میکس سے موازنہ کیا جائے تو ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون موجودہ مہنگے ترین آئی فون سے تقریباً 65 فیصد زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔
اگر آئی فون 17 پرو میکس کی 1200 ڈالر کی ابتدائی قیمت کو بنیاد بنایا جائے تو آئی فون الٹرا کی قیمت تقریباً 1980 ڈالر، یعنی لگ بھگ 2 ہزار ڈالر ہوسکتی ہے۔
ایک اور لیک میں بھی اسی طرح کے اضافے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس کے مطابق آسٹریلیا میں آئی فون الٹرا کی بنیادی قیمت آئی فون 17 پرو میکس کے مقابلے میں تقریباً 68 فیصد زیادہ ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لیک ہونے والی معلومات کے مطابق آئی فون 18 پرو کی قیمت تقریباً 10 فیصد بڑھ کر 1210 ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی ابتدائی قیمت تقریباً 1320 ڈالر ہوسکتی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نئے آئی فونز کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ پرزوں کی بڑھتی ہوئی لاگت بھی ہوسکتی ہے۔ مارکیٹ ریسرچ کمپنی ٹرینڈ فورس کے مطابق آئی فون 18 پرو کی تیاری میں استعمال ہونے والے پرزوں کی لاگت آئی فون 17 پرو کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد زیادہ ہوسکتی ہے۔
تاہم ایپل نے ابھی تک آئی فون 18 سیریز یا اپنے فولڈ ایبل آئی فون کی قیمتوں اور خصوصیات سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، اس لیے حتمی تفصیلات کمپنی کی آفیشل رونمائی کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔