کینیڈا میں صحت کے شعبے سے وابستہ کچھ ماہرین مریضوں کو ایسا نسخہ تجویز کر رہے ہیں جو کسی فارمیسی سے نہیں ملتا بلکہ قدرتی ماحول میں وقت گزارنے سے متعلق ہے۔
‘پارکس ‘نامی پروگرام کے تحت اہل مریضوں کو سالانہ ’پارکس کینیڈا ڈسکوری پاس‘ مفت فراہم کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے وہ ملک بھر کے قومی پارکوں، تاریخی مقامات اور بحری تحفظ کے علاقوں میں بلا معاوضہ جا سکتے ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو زیادہ وقت قدرتی ماحول میں گزارنے کی ترغیب دینا ہے۔ ماہرین کے مطابق فطرت کے قریب وقت گزارنے سے ذہنی دباؤ کم کرنے، ذہنی صحت بہتر بنانے اور جسمانی سرگرمیوں میں اضافے میں مدد مل سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ روایتی علاج یا ادویات کا متبادل نہیں بلکہ علاج کے ساتھ ایک معاون اقدام ہے۔ یعنی مریض اپنی ضرورت کے مطابق طبی علاج جاری رکھتے ہوئے فطرت سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پارک میں چہل قدمی، جنگل میں وقت گزارنا یا کھلی فضا میں کچھ دیر بیٹھنا روزمرہ کی ذہنی تھکن کم کرنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
یوں کینیڈا کا یہ پروگرام صحت کے حوالے سے ایک سادہ مگر منفرد تصور کو فروغ دے رہا ہے کہ بعض اوقات بہتر محسوس کرنے کے لیے صرف دوا ہی نہیں، بلکہ قدرت کے قریب کچھ وقت گزارنا بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے۔