فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔ کوئٹہ آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے بھر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے تعاون سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔
انہوں نے امن کو مستحکم کرنے اور پائیدار معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی غرض سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
بلوچستان کے عوام کی خوشحالی ریاست کی ترجیح ہے، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ مستحکم اور محفوظ ماحول ترقیاتی اقدامات، معاشی مواقع اور صوبے کے عوام کے لیے بہتر امکانات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا رہے گا۔
شہدا کو خراج عقیدت
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور افسران و جوانوں کی جانب سے فرائض کی انجام دہی میں ثابت قدمی اور عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں اور فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ تیاری کو بھی سراہا۔