یوم دفاع پر مسلح افواج کا شہدا کو خراج عقیدت، ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ

یوم دفاع پر مسلح افواج کا شہدا کو خراج عقیدت، ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف، جنرل سید عامر رضا، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ اور پاک فوج سمیت مسلح افواج پاکستان نے 61ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر پاکستان کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

شہدا کے خاندانوں کو سلام

مسلح افواج نے غازیوں اور شہدا کے اہل خانہ کو بھی گہری عزت اور تشکر پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا،مسلح افواج کے بیان میں کہا گیا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، بہادری اور عزم کی ایک مستقل علامت ہے، جو یاد دلاتا ہے کہ 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم مادر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہوکر کھڑی ہوئی تھی۔

شہدا قربانی کی مثال

بیان کے مطابق پاکستان کے شہدا فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں، میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں پاکستان کے محافظوں کی نسلوں نے وطن کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شہدا کا ورثہ مشعل راہ

مسلح افواج نے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کا ورثہ آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے، جبکہ شہدا کے خاندان حوصلے، استقامت اور عزم کی زندہ مثال ہیں۔

غازیوں کو بھی خراج تحسین

آئی ایس پی آر کے بیان میں غازیوں کو بھی سلام پیش کیا گیا جو بہادری، ثابت قدمی اور پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں،مسلح افواج نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور ذمہ دارانہ طرز عمل اور پرامن بقائے باہمی کیلئے پرعزم ہے۔

جارحیت کا فیصلہ کن جواب

مسلح افواج نے واضح کیا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

قوم سے وفاداری کا عہد

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر مسلح افواج نے پاکستان اور اس کے عوام سے غیر متزلزل وفاداری اور خدمت کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت ہمیشہ قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے۔

مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قوم کے ساتھ متحد ہوکر اپنی مقدس ذمہ داریاں عزت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔

editor

Related Articles