وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جو ہمیں وطن عزیز کے دفاع کیلئے مسلح افواج اور قوم کے بے مثال عزم، اتحاد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
یوم دفاع و شہدا 6 ستمبر 2026 کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن ان شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
1965 کی جنگ کا ذکر
شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو دشمن کی بلااشتعال جارحیت اور عددی برتری کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری سے ہر محاذ پر دشمن کا مقابلہ کیا۔
قوم اور افواج متحد رہیں
وزیراعظم نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں مسلح افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور شجاعت کا مظاہرہ کیا جبکہ پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا ثبوت دیا۔
معرکہ حق کا حوالہ
وزیراعظم آفس کے مطابق ماضی کی بہادری کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے معرکہ حق میں پاک افواج نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم اپنی بہادر فوج، فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر کرتی ہے،آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا۔
چیلنجز کا مل کر مقابلہ
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو آج درپیش چیلنجز مزید قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں، دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف اپنے مذموم عزائم کیلئے سرگرم ہیں تاہم انہیں مسلسل اور فیصلہ کن شکستوں کا سامنا ہے۔
ہائبرڈ وارفیئر کا مقابلہ
انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ وارفیئر کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں کو بھی پوری قوت اور عزم کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا،شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج جہالت، غربت اور پسماندگی کا خاتمہ اور ملک کو قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے وژن کے مطابق ڈھالنا ہے۔
ترقی اور استحکام ترجیح
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی طاقت صرف دفاعی صلاحیتوں میں نہیں بلکہ ایک متحد، پُرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط قوم میں بھی مضمر ہے۔ حکومت ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔
امن کیلئے کردار جاری رہے گا
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنا فعال اور تعمیری کردار جاری رکھے گا اور ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے علاقائی امن و سلامتی کیلئے مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔
مکہ دفاعی معاہدے کا ذکر
انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر ہے اور اجتماعی دفاع، باہمی سلامتی اور برادر ممالک کے ساتھ پائیدار شراکت داری کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
مسئلہ کشمیر کا حل ضروری
شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں حقیقی اور دیرپا امن ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، جبکہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا طرز عمل اور مسلسل ہٹ دھرمی خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔