بجلی صارفین کیلئے بڑی خبر، ڈیٹیکشن بلنگ کا نظام ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ

بجلی صارفین کیلئے بڑی خبر، ڈیٹیکشن بلنگ کا نظام ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ

پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کو غیر ضروری مشکلات اور اضافی مالی بوجھ سے تحفظ دینے کیلئے ڈیٹیکشن بلنگ کے نظام میں بنیادی اصلاحات کا فیصلہ کرلیا،ماضی میں میٹر کی خرابی، تکنیکی نقص یا بجلی کی کھپت کا درست ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت صارف کی بجلی کی کھپت کا تخمینہ لگا کر ڈیٹیکشن بل جاری کیا جاتا رہا ہے۔

تاہم بعض معاملات میں تخمینہ شدہ بجلی کی کھپت حقیقی استعمال سے مطابقت نہ رکھنے کے باعث صارفین کو اضافی بلنگ کا سامنا کرنا پڑا، ایسے صارفین کو غلط یا زائد بلنگ کی درستگی کیلئے طویل شکایتی عمل سے بھی گزرنا پڑتا رہا۔

انسانی مداخلت پر خدشات

پاور ڈویژن کے مطابق ڈیٹیکشن بلنگ کے موجودہ طریقہ کار میں انسانی مداخلت کی گنجائش کے باعث شفافیت، صوابدیدی اختیارات کے استعمال اور ممکنہ بے ضابطگیوں سے متعلق خدشات بھی موجود رہے ہیں۔

نظام ڈیجیٹل اور خودکار ہوگا

ان مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈویژن نے ڈیٹیکشن بلنگ کے نظام کو ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کا مقصد انسانی مداخلت اور غیر ضروری صوابدیدی اختیارات کو کم سے کم کرنا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ شفاف اور منصفانہ بلنگ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔

ڈسکوز کو ہدایات جاری

اس سلسلے میں تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ضروری اقدامات کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں،پاور ڈویژن نے نیپرا کے کنزیومر سروس مینول میں بھی ضروری ترامیم کیلئے متعلقہ اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بجلی صارفین تیار رہیں، آج ہنگامی بجلی کی بندش کا اعلان

ماہانہ بنیادوں پر نگرانی

نئے نظام کے تحت ڈیٹیکشن بلنگ اور اس سے متعلق ریکوری کے عمل کی ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی جائے گی، اس نگرانی کا مقصد بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ یا غیر معمولی رجحانات کی بروقت نشاندہی کرنا ہے۔

بے ضابطگیوں کی بروقت نشاندہی

حکام کے مطابق ڈیٹیکشن بلنگ کے اعداد و شمار کا باقاعدگی سے جائزہ لینے سے ایسے معاملات کی نشاندہی میں مدد ملے گی جہاں معمول سے ہٹ کر بلنگ یا ریکوری کا رجحان سامنے آئے۔ ایسے معاملات میں ضروری کارروائی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

صارفین کو ریلیف ملنے کی امید

نئے نظام سے توقع کی جا رہی ہے کہ ڈیٹیکشن بلنگ کے حوالے سے صارفین کی شکایات میں کمی آئے گی اور بجلی کے استعمال کے تخمینے اور بلنگ کے عمل میں شفافیت بہتر ہوگی۔

اصلاحات کا مقصد صارفین کی سہولت

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کا بنیادی مقصد صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے نہ صرف نظام میں شفافیت لانا مقصود ہے بلکہ صارفین کو غیر ضروری مشکلات اور اضافی مالی بوجھ سے بھی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

editor

Related Articles