اپر سوات،کالام اور بابوسر ٹاپ میں سال کی پہلی برف باری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

اپر سوات،کالام اور بابوسر ٹاپ میں سال کی پہلی برف باری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

خیبر پختونخوا کے اپر سوات اور وادی کالام کے بلند پہاڑی علاقوں سمیت بابوسر ٹاپ پر سال کی پہلی برف باری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، جس کے بعد علاقے کے قدرتی مناظر مزید دلکش ہوگئے۔

وادی کالام اور اپر سوات کے بالائی علاقوں میں اچانک برف باری کے بعد سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ یخ بستہ ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

برف باری کے بعد پہاڑوں، درختوں اور وادی کے مختلف مقامات نے سفید لباس اوڑھ لیا ہے جس سے علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا،مقامی افراد نے سردی سے بچاؤ کے لیے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے، جبکہ برف باری کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے سیاحوں میں بھی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

اپر سوات، کالام، مہوڈنڈ اور اترور سمیت بالائی علاقوں میں موسم سرما کے دوران برف باری معمول کا حصہ ہے،یہ علاقے سطح سمندر سے 2 ہزار میٹر سے زائد بلندی پر واقع ہیں، جہاں موسم سرد ہونے کے ساتھ برف باری کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بارشیں، برفباری،آندھی طوفان،محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

بابوسر ٹاپ بھی ملک کے اہم سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں برف باری کے بعد قدرتی مناظر سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔

مقامی سطح پر برف باری کو سیاحت کے لیے بھی خوش آئند قرار دیا جارہا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ موسم کی پہلی برف باری کے بعد مختلف شہروں سے سیاح کالام اور دیگر بالائی علاقوں کا رخ کریں گے۔

پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برف باری نہ صرف سیاحت اور مقامی معیشت کے لیے اہم ہے بلکہ موسم گرم ہونے کے بعد دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو برقرار رکھنے میں بھی کردار ادا کرتی ہے۔

editor

Related Articles