6 ستمبر 1965ء پاکستان کی تاریخ میں دفاع وطن کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اسی مناسبت سے ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں جنگ ستمبر کے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، مزار قائد کراچی اور مزار اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔
6 ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان کی سرحدوں پر جارحیت کرتے ہوئے لاہور، سیالکوٹ اور قصور کے محاذوں پر بیک وقت حملہ کیا، تاہم پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے عزائم کے سامنے بھرپور مزاحمت کی اور بھارتی فوج کی پیش قدمی روک دی۔
جنگ ستمبر کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے بی آر بی نہر کے محاذ پر غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا، انہوں نے مسلسل 5 روز تک دشمن کے ٹینکوں کو روکے رکھا اور دفاع وطن کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھی جنگ کے دوران شجاعت کی نئی مثالیں قائم کیں، سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور اپنی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
جنگ ستمبر 17 روز تک جاری رہی اور 23 ستمبر 1965ء کو جنگ بندی عمل میں آئی، یوم دفاع کے موقع پر قوم شہدائے وطن اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع اور سلامتی کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔