وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی 2025 کے معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ نے مسلح افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا اور جرات مندانہ و غیر معمولی جنگی مہارت کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کیا۔
7 ستمبر کو 1965 کی جنگ کے دوران ہونے والے تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں پاکستان بھر میں یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کئی دہائیوں سے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی تاریخ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت سے عبارت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے مختلف فضائی معرکوں میں اپنی صلاحیت اور برتری ثابت کی جبکہ ہر مشکل وقت میں قوم کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ستمبر 1965 میں ملکی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے جوانوں کا عزم اور حوصلہ قابلِ تحسین تھا۔ شاہینوں نے اپنے جوش، جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کیا اور ملکی دفاع کی تاریخ میں یادگار مثالیں قائم کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جوانوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قوم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی خدمات کو قومی تاریخ کا روشن باب سمجھتی ہے۔
انہوں نے مئی 2025 کے معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پاک فضائیہ نے مسلح افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ نے بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے غیر معمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور مزید ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ مستقبل میں بھی ملک کو درپیش ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے گی۔
وزیراعظم نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے تمام افسران، جوانوں، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے ان کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔