ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاک فضائیہ کی قابلِ فخر روایت کی بنیاد ہیں، جبکہ ہمارے اسلاف کے کارنامے محض تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ ایک زندہ اور روشن ورثہ ہیں۔
یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم اور پاک فضائیہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
وطن کا دفاع مقدس امانت
انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے جسے پاک فضائیہ ثابت قدمی، عزم اور مکمل وابستگی کے ساتھ ہمیشہ نبھاتی رہے گی۔
ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور قومی دفاع کی ذمہ داریوں سے غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔
آپریشنل تیاریاں برقرار
انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریاں ہر سطح پر برقرار ہیں،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ معرکۂ حق میں شاندار کامیابی پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیت، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل استعداد کا واضح ثبوت ہے۔
یومِ شہداء کی تقریبات
دوسری جانب پاک فضائیہ میں 7 ستمبر کو یومِ شہداء کے طور پر منایا گیا اور شہدائے وطن کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تمام ایئربیسز پر تقاریب
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر کے تمام ایئربیسز پر یومِ شہداء کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں پاک فضائیہ کے شہداء کی عظیم قربانیوں، بے مثال وفاداری اور شجاعت کو سلام پیش کیا گیا۔