وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی الیکٹرک بائیک اسکیم کے تحت طلبہ و طالبات کے لیے ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار 28 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے چیف منسٹر الیکٹرک بائیک اسکیم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو رعایتی قیمت اور آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی،اس اسکیم کے تحت پنجاب کے 33 ہزار سے زائد سرکاری اور نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ایک لاکھ طلبہ و طالبات اہل ہوں گے۔
الیکٹرک بائیک کی مجموعی قیمت ایک لاکھ 99 ہزار روپےمقرر کی گئی ہے، تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے سبسڈی دینے کے بعد طلبہ کو صرف ایک لاکھ 9 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے،یہ رقم 36 ماہ، یعنی تین سال کی آسان اقساط میں وصول کی جائے گی اور طلبہ کی ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار 28 روپے ہوگی۔
حکام کے مطابق بائیکس کی انشورنس، مارک اپ اور رجسٹریشن سمیت دیگر اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی تاکہ طلبہ و طالبات پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے،اسکیم کے تحت الیکٹرک بائیکس مختلف رنگوں میں فراہم کی جائیں گی، جبکہ طالبات کے لیے خصوصی طور پر گلابی رنگ کی بائیکس بھی مختص کی گئی ہیں۔
اسکیم کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 5 ستمبر 2026 سے ہو چکا ہے اور اہل طلبہ پنجاب حکومت کے متعلقہ آن لائن پورٹل پر اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں،وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد طلبہ، بالخصوص طالبات کو سستی، محفوظ اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ آمدورفت کی مشکلات ان کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بنیں، جبکہ اس اقدام سے صوبے میں ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔