اے سی اب کمرہ نہیں، آپ کو ٹھنڈا کرے گا، حیران کن ٹیکنالوجی متعارف

اے سی اب کمرہ نہیں، آپ کو ٹھنڈا کرے گا، حیران کن ٹیکنالوجی متعارف

گرمی سے بچنے کے لیے اے سی تو سب استعمال کرتے ہیں، لیکن اگر اے سی خود آپ کو ڈھونڈ کر آپ کی طرف ٹھنڈی ہوا پھینکنے لگے تو؟

یہ کسی فلم کا منظر نہیں بلکہ چین کی کمپنی میڈیا کی جانب سے پیش کیا جانے والا ایک نیا اسمارٹ ایئرکنڈیشنر ہے، جس نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

جرمنی میں ہونے والی آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران پیش کیے گئے اس اے سی کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی ٹھنڈی ہوا آپ کا پیچھا کرتی ہے۔ یعنی آپ کمرے میں ایک جگہ بیٹھے ہوں اور پھر اٹھ کر دوسری جگہ چلے جائیں تو یہ اے سی بھی آپ کو نظر انداز نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ایکس نے کانٹیننٹ کریئیٹرز کیلئے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرا دیا

کمپنی کے مطابق یہ سسٹم جگہ کا نقشہ بنانے والی ٹیکنالوجی اور مختلف سینسرز کی مدد سے کمرے میں موجود شخص کی پوزیشن کا اندازہ لگاتا ہے اور اسی سمت ٹھنڈی ہوا کا رخ کردیتا ہے۔ یوں کمرے کے خالی حصوں کو بلاوجہ ٹھنڈا کرنے کے بجائے ٹھنڈی ہوا زیادہ تر اس شخص تک پہنچتی ہے جسے واقعی اس کی ضرورت ہے۔ اس طریقے سے توانائی کے ضیاع کو بھی کم کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اے سی صرف ٹھنڈا نہیں کرے گا، نمی بھی سنبھالے گا

اس اسمارٹ اے سی کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ گھر میں موجود دیگر اسمارٹ ڈیوائسز، مثلا ہوا میں نمی بڑھانے والی مشین ے ساتھ بھی کام کرسکتا ہے۔ دونوں ڈیوائسز مل کر کمرے کے درجہ حرارت اور نمی کو مناسب رکھنے میں مدد دے سکتی ہیں، یعنی اب اے سی کا کام صرف ٹھنڈی ہوا پھینکنا نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں:ایپل کا فولڈ ایبل آئی فون کتنا مہنگا ہوگا؟ نئی لیک میں قیمت کا انکشاف

آپ کہیں گے، اے سی چلے گا

اس سسٹم میں وائس کمانڈ کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس کے باعث صارف اپنی جگہ سے اٹھے بغیر آواز کے ذریعے اے سی کو کنٹرول کرسکتا ہے۔ یوں تصور کریں کہ آپ کمرے میں بیٹھے ہیں، گرمی لگ رہی ہے اور صرف اتنا کہنا ہے، ’اے سی آن کرو‘۔ اس کے بعد مشین خود حرکت میں آجائے گی اور آپ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش شروع کردے گی۔

تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ یہ عجیب و غریب اسمارٹ اے سی عام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا، کیونکہ کمپنی نے اس کی فروخت یا قیمت کے حوالے سے حتمی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ اب تک اے سی کمرہ ٹھنڈا کرتے تھے، لیکن مستقبل کا اے سی شاید پہلے یہ دیکھے گا کہ کمرے میں انسان کہاں بیٹھا ہے، پھر ٹھنڈک بھی وہیں پہنچائے گا۔

editor

Related Articles