ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی 2 آگمنٹڈ ریئلٹی یعنی اے آر ایپس اے آر ڈوڈل اور کوئک میژر کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کمپنی کے مطابق دونوں ایپس 31 دسمبر 2026 کے بعد گلیکسی ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ نہیں کی جاسکیں گی۔ سام سنگ نے گلیکسی ایپ اسٹور پر دونوں ایپس کے چینج لاگز میں بھی ان کی بندش سے متعلق معلومات شامل کردی ہیں۔ کچھ نئی گلیکسی ڈیوائسز پر یہ ایپس پہلے ہی دستیاب نہیں، جن میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 بھی شامل ہے۔
اے آر ڈوڈل سام سنگ صارفین کو فون کے کیمرے کی مدد سے حقیقی دنیا کے منظر پر ورچوئل ڈرائنگ بنانے کی سہولت فراہم کرتی تھی۔ اس ایپ کی خاص بات یہ تھی کہ صارف کی بنائی ہوئی ڈرائنگ چہرے یا کمرے میں موجود کسی دوسری چیز کے ساتھ جڑی رہ سکتی تھی۔ اسٹائلس سپورٹ کرنے والے فونز میں صارف اسٹائلس کے ذریعے بھی ڈرائنگ بنا سکتے تھے۔
فون کا کیمرا بن جاتا تھا پیمائش کا آلہ
دوسری جانب کوئک میژر ایپ فون کے کیمرے کو ایک پیمائشی آلے میں تبدیل کردیتی تھی۔ اس کی مدد سے صارف بڑی اشیا، دیواروں اور دیگر چیزوں کا اندازاً سائز اور ان کے درمیان فاصلہ معلوم کرسکتے تھے۔
سام سنگ کے مطابق 31 دسمبر 2026 کے بعد دونوں ایپس نئی ڈیوائسز پر دستیاب نہیں ہوں گی اور مستقبل کے آپریٹنگ سسٹمز میں بھی ان کی سپورٹ ختم کردی جائے گی۔ تاہم جن صارفین کے فون میں یہ ایپس پہلے سے موجود ہیں، وہ ممکنہ طور پر انہیں اس وقت تک استعمال کرسکیں گے جب تک ان کے فون کا سافٹ ویئر ان ایپس کو سپورٹ کرتا رہے۔
یوں سام سنگ کی وہ 2 ایپس جو کبھی فون کے کیمرے کو ڈرائنگ بورڈ اور پیمائش کے آلے میں بدل دیتی تھیں، اب آہستہ آہستہ ماضی کا حصہ بننے جارہی ہیں۔